اسرار ہزار سالہ علی اکبر حکمی زادہ اردو
ہزار سالوں کے راز(اسرار)!! ٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭ آج اسرار ہزار سالہ کا ایک مرتبہ پھر مطالعہ کر رہا تھا،میرے لیے باعث حیرت یہ ہے کہ ہمارے بہت ہی کم دوستوں کو اس کتاب کا علم ہے حالانکہ آیت اللہ خمینی نے جو کتاب کشف الاسرار لکھی وہ اسی کتاب کا جواب ہے۔چنانچہ ہم اس کتاب کا مختصر تعارف لکھ رہے ہیں۔ علی اکبر حکمی زادہ جو آیت اللہ طالقانی کے بھانجے تھے نیز مدرسہ رضویہ قم کے مدیر ، آیت الله شیخ مهدی قمی پایین شهری کے فرزند تھے۔مہدی قمی وہ عالم تھے کہ جن کے گھر پر حوزہ علمیہ قم کے بانی آیت اللہ حائری نے قیام کیا اور حوزہ علمیہ کی بنیاد رکھنے اوراس سے متعلق امور طے کیے۔حکمی زادہ نے اپنی دینی تعلیم اپنے والد سے حاصل کرنے کے بعد حوزہ علمیہ قم سے حاصل کیا۔حکمی زادہ چونکہ ایک پرجوش مذھبی نوجوان تھا اس لیے دورہ سطح میں ہی کتاب الکفایة فی اصول الفقه پر حاشیہ لکھا۔ ایک عرصہ تھا مصائب اہل بیت ع بیان کرنے منبر پر بھی فائز رہے اور شعلہ بیان مقرر بھی تھے اور مرثیہ و نوحہ خوان بھی۔چونکہ عالم دین تھے اس لیے علماء کا خاص لباس یعنی عبا و عمامہ بھی پہنتے تھے بعد میں یہ لباس اتار دیا۔...